محسن نقوی کی تعیناتی کے خلاف عمران خان نے ملک گیر احتجاج کی کال دے دی

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کل لاہور میں احتجاج کیا جائے گا جبکہ بدھ کے روز راولپنڈی ، فیصل آباد اور ملتان میں احتجاج کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تعینات کیا ہے ، جمہوریت کی بنیاد اخلاقیات پر رکھی جاتی ہے ، کیونکہ جمہوریت کے پاس بندوقیں نہیں ہوتی ہیں ، برطانیہ کا پورا نظام اخلاقیات پر قائم ہے ، وہاں ایک جھوٹ بولنے پر وزیراعظم استعفیٰ دے کر چلا جاتا ہے ، بورس جانسن نے ایک قانون کی پاسداری نہیں اور احتجاج پر ریزائن دے کر چلا گیا ، مگر ہمارے ہاں اخلاقیات کوئی نہیں ہے ، جو ایک وزیراعظم کے پاس ہونی چاہیے۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں اخلاقی معیار ہوتا ہے جس پر وہ کھڑی ہوتی ہے، برطانیہ میں کوئی کیئرٹیکر حکومت نہیں آتی کیونکہ وہاں اخلاقیات کے سٹینڈرز اتنے بہترین ہیں کہ انہیں اس کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔ لیکن پاکستان کی بدقسمتی یہ ہے کہ ہماری جمہوریت کے معیار اتنے گر چکے ہیں کہ کسی کو اعتماد نہیں ہے کہ کوئی فری اینڈ فیئر الیکشن کروا سکتا ہے، جب تک کہ نگراں حکومت نہ آئے۔ کیئرٹیکر کا مقصد کیا تھا ، کہ وہ ایک نیوٹرل ایمپائر بنے گا، ایک ایسی گورنمنٹ بنے گی جو کسی کی سائیڈ نہیں لے گی ، وہ صاف اور شفاف انتخابات کرائے گی۔ اس لیے ہم نے وہ نام دیئے جو ایماندار لوگ تھے ، ہم نے ناصر کھوسہ اور احمد نواز سکھیرا کا نام دیا ، ناصر کھوسہ شہباز شریف کے چیف سیکریٹری رہ چکے ہیں ، نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری رہ چکے ہیں ، ساری بیورکریسی میں ان کا ایک نام ہے۔ ہم سمجھتے تھے کہ ن لیگ والوں کو یہ نام پسند آئے گا۔ احمد نواز سکھیرا شہباز شریف کابینہ میں کیبنٹ سیکریٹری کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ، وہ ریٹائر ہونے والے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

آج کی سیاست عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی، رہنما مسلم لیگ ن

تین لوگوں نے مذہب کے نام پر مجھے سلمان تاثیر کی طرح قتل کرانے کی سازش کی، عمران خان

اپنے ویڈیو خطاب کے دوران چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے خلاف عدالت جارہے ہیں، کل سے ملک گیر مظاہرے شروع کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل لاہور جبکہ بدھ کو راولپنڈی ، فیصل آباد اور ملتان میں احتجاج کریں گے، محسن نقوی ہمارے مخالف پولیس والوں اور بیورو کریٹ کو لگائے گا جو الیکشن میں دھاندلی کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے اوپر کانٹا ڈالا ہوا ہے، سیاستدانوں کے اوپر کانٹا لگانے کا نقصان پورے ملک کو ہوتا ہے، ہم نے پوری کوشش کی کہ انتشار نہ ہونے دیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) باجوہ کے این آر او ٹو ملنے سے یہ سب بچ گئے، توشہ خانہ کا کیس سب سے بڑا مذاق تھا، اس حکومت نے توشہ خانہ میں میری تمام تفصیل دی، اب عدالت نے ان سے توشہ خانہ کا ریکارڈ طلب کیا تو کہتے ہیں کہ سیکرٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں چوری کیں، صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔

متعلقہ تحاریر