تحریک انصاف کے تمام اراکین قومی اسمبلی سے باہر، اسپیکر نے چیمبر بند ہونے کے باوجود استعفے منظور کرلیے

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد تحریک انصاف کے منظور ہونے والے استعفوں کی تعداد 123 ہو گئی جبکہ شیخ رشید کا استعفیٰ اس کے علاوہ ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلئے۔ پی ٹی آئی کے جن ارکان کے استعفے منظور کئے گئے ہیں ان کی تعداد 123 ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی کے 44 اراکین نے گزشتہ روز استعفے واپس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن میں استعفے منظور نہ کیے جانے کی درخواست دی تھی۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلئے ہیں۔

ذرائع کا کہناہےکہ استعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے چند دن قبل منظوری کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

شیخ روحیل اصغر دھوتی کا معاملہ پی اے سی میں لے آئے، چیئرمین کا سخت ایکشن

عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے گئے

قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی بچے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جولائی 2022ء میں پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے، 17 جنوری کو 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔ اس کے علاوہ اسپیکر نے 20 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے اس طرح مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 79 اور شیخ رشید کے ایک استعفیٰ سمیت 80 اراکین کے استعفے منظور ہوگئے تھے ، تاہم اب مزید 43 اراکین کے استعفوں کی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے جن اراکین کے استعفے منظور کر لئے گئے ان کی تعداد 123 ہوگئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے 44 ارکان قومی اسمبلی نے گزشتہ روز استعفے واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ اسد عمر نے کہا تھا کہ ان کا اگلا قدم اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی ہوگی۔ قومی اسمبلی سے استعفوں کی واپسی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین گزشتہ روز قومی اسمبلی گئے تھے مگر انہیں بتایا گیا کہ قومی اسمبلی تین روز کے لئے بند ہے، پھر وہ اسپیکر راجا پرویز اشرف کی رہائش گاہ واقع منسٹر انکلیو گئے جہاں انہیں روک دیا گیا، جس پر ممبران نے احتجاجاً وہیں دھرنا دے دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے 44 اراکین کا وفد بعد میں الیکشن کمیشن پہنچا تھا، جہاں انہوں نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھاکہ انہوں نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اگر اسپیکر قومی اسمبلی آگاہ کئے جانے کے باوجود ان کے استعفے منظور کر لیں تب بھی الیکشن کمیشن انہیں ڈی نوٹیفائی نہ کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عامر ڈوگر کا میڈیا سے گفتگو میں گزشتہ روز کہنا تھا کہ 44 اراکین کے استعفے واپس لینے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کو ای میل اور دیگر ذرائع سے آگاہ کر دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر