ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہے گی، خرم دستگیر خان
وفاقی وزیر توانائی نے ایک ہی پریس کانفرنس میں کہا کہ جنوری کے مہینے میں بجلی کی طلب سب سے کم ہوتی ہے ، پھر کہتے ہیں لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی بحال ہوگئی ہے، کراچی اور چشمہ کے جوہری پلانٹس چلانے کے لئے کام جاری ہے، کوشش ہوگی کہ دوبارہ بریک ڈاؤن نہ ہو، آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران محدود پیمانے پر لوڈشیڈنگ ہوگی۔ قومی گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی متاثر ہونے سے بریک ڈاؤن ہوا۔
خرم دستگیر خان کا ملک میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تعطل کے بعد بجلی کے تمام گرڈ اسٹیشن مکمل بحال کردیئے ہیں جب کہ سیلاب زدہ علاقوں میں کل ہی بجلی بحال کردی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
وفاقی وزیر خرم دستگیر کے دعوے کے برعکس کراچی کے متعدد علاقے بجلی سے محروم
ان کا کہنا تھاکہ کراچی اور چشمہ کے جوہری پلانٹس چلانے کے لئے کام جاری ہے، بجلی کا ترسیلی نظام مکمل طور پر محفوظ ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پاور پلانٹس کو دوبارہ چلانے کے لئے بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، تربیلا پاور پلانٹ کو چلا کر دیگر پلانٹ کو بجلی مہیا کی گئی، آج صبح سوا 5 بجے سے پورے ملک میں بجلی مکمل بحال ہے۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ کل صبح 7 بج کر 34 منٹ پر نارتھ ساؤتھ ترسیلی کوریڈور میں وولٹیج کا غیر معمولی اتار چڑھاؤ آیا، فریکوئنسی میں بھی اتار چڑھاؤ آیا جس سے نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی متاثر ہوئی، نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی متاثر ہونے سے ملک میں بجلی کا وسیع بریک ڈاؤن ہوا۔
وفاقی وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بجلی تعطل معاملے پر 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی، تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ڈاکٹر مصدق ملک کررہے ہیں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ بجلی کارخانے چلانے کےلئے وافر ایندھن موجود تھا اور ہے، ایندھن سے متعلق افواہیں درست نہیں، پورے سال میں جنوری کی راتوں میں بجلی کی کم طلب ہوتی ہے، بحالی کا کام جاری ہے، جلد بجلی بحال ہوجائے گی، کوشش ہوگی کہ دوبارہ بجلی کا بریک ڈاؤن نہ ہو، جلد کراچی میں بھی بجلی مکمل طور پر بحال ہوجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے سسٹم میں کوئی نئی سرمایہ کاری نہیں کی، ملک بھر میں بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی ہے، صرف معمول کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
خرم دستگیر نے کہاکہ گزشتہ 4 سال میں بجلی پر کوئی کام نہیں کیا گیا، کل گزشتہ حکومت کی نالائقی کا نظارہ سب نے دیکھا، مانسہرہ میں بڑا گرڈ اسٹیشن کا افتتاح جلد وزیراعظم کریں گے۔









