الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کا معاملہ: فواد چوہدری لاپتہ

ڈی ایس پی لیگل نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ فواد چوہدری کو 3 بجے عدالت کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ ، فواد چوہدری کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا وقت ختم ، پی ٹی آئی رہنما کو ابھی تک عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا جاسکا، تاہم ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ فواد چوہدری دوپہر تین بجے پیش کردیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے الزام پر جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے ہفتے کے روز پولیس کی  درخواست پر دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، اور پیر کی صبح عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا تھا ، تاہم نہ صبح اور نہ ہی ساڑھے گیارہ تک فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کیا جاسکا۔

واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے فواد چوہدری کو ساڑھے گیارہ بجے عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

فواد چوہدری کے وکلاء بابر اعوان اور علی بخاری سوا گیارہ بجے عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت کی جانب سے یہ ریمارکس دیئے گئے کہ پراسیکیوشن کی جانب سے یہ بتایا گیا ہے کہ فواد چوہدری کو لاہور سے راولپنڈی منتقل کیا جارہا ہے جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پراسیکیوشن کی جانب سے یہ نقطہ اٹھایا گیا ہے چونکہ یو اے ای کے صدر اسلام آباد آرہے ہیں اس لیے تمام سڑکیں بلاک ہیں اس لیے ان کو عدالت میں پیش کرنے پر تاخیر ہو سکتی ہے۔

فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ہمیں ایک وقت بتا دے ، جس پر عدالت نے عدالتی عملے سے کنفرم کیا کہ فواد چوہدری کو کب تک پیش کیا جاسکتا ہے۔

بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ سماعت تین بجے تک کے لیے ملتوی کردی۔

متعلقہ تحاریر