عمران خان نااہلی کیس: لارجز بینچ نے سماعت یکم مارچ تک ملتوی کردی
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت سے دستاویزات پر دلائل کے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ٹیریان کا ذکر نہ کرنے کا کیس ، عمران خان نااہلی کیس کی سماعت یکم مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
عمران خان نااہلی کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے کی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے ، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے سلمان عظمت بٹ پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی استدعا منظور کی۔
عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ اس کے خلاف دلائل دینا چاہیں گے ، سلمان اکرم راجہ کی جانب سے کہا گیا کہ اگر درخواست کے وکیل اضافی دستاویزات جمع کرانا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، تاہم میں اس پر اپنا پورا جواب جمع کراؤں گا۔
سماعت کے دوران سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے عدالت سے دستاویزات پر دلائل کے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا گیا کہ کیا آپ اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینا چاہیں گے۔ جس پر سلمان اکرم راجہ نے ہاں میں جواب دیا۔ تاہم درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ پہلے بھی اس معاملے پر بات ہوچکی ہے۔ لیکن ابھی تک ان کی جانب سے کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے لارجر بینچ نے اگلی سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت یکم مارچ تک ملتوی کردی۔