عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر
چیئرمین تحریک انصاف کے وکلاء کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں نیب سمیت کسی بھی ادارے کو گرفتاری سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ فواد چوہدری نے زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی ممکنہ گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جبکہ لاہور میں زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔
عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب سمیت کسی ادارے کو گرفتاری سے روکا جائے۔
یہ بھی پڑھیے
اینکر پرسن منصور علی نے مریم نواز کے منہ سے جنرل باجوہ کیخلاف سچ اگلوا دیا
عمران خان کو سیاست نہیں کرنی چاہیے وہ اس میدان کا کھلاڑی نہیں، مولانا فضل الرحمان
تفصیلات کے مطابق یہ درخواست عمران خان کے وکلاء کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔ وکلاء نے درخواست میں موقف اختیار ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس ادرگرد غیرمعمولی صورتحال کا سامنا ہے ، اس لیے خدشہ ہے کہ عمران خان کو کسی بھی کیس میں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
وکلاء کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے آج ہی درخواست کی سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔
دوسری جانب زمان پارک لاہور میں پولیس آپریشن کے خلاف رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔
فواد چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ پولیس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔