نیشنل پریس کلب کے عہدیداران کا مستحق ممبران کو چھت فراہم کرنے کے عزم اعادہ
این پی سی کے سابق صدر انور رضا کا کہنا ہے کہ ہماری قیادت نے صحافیوں کیلئے میڈیا ٹاؤن فیز ون حاصل کیا تھا اور فیز ٹو کا سہرہ بھی ہماری ہی قیادت کے ہی سر بندھنے جا رہا ہے۔
اسلام آباد: نیشنل پریس کلب کے سابق صدر انور رضا نے کہا ہے کہ پریس کلب کے تمام مستحق ممبران کو چھت کی فراہمی یقینی بنائیں گے، ممبران کے ووٹ اور چھت کی فراہمی کا تحفظ کرینگے، ان شاء اللہ عید سے قبل اس حوالے سے بڑا ایونٹ منعقد کرینگے اور ممبران کو افطار ڈنر دینگے اور انکو چھت کی فراہمی کے وعدے کو عملی جامہ پہنائیں گے،آئین و قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں اسی لئے عدالت کا فیصلہ تسلیم کیا، مخالفین کو خطرہ ہے کہ میڈیا ٹاؤن فیز ٹو کے آنے سے انکی منافقانہ اور مفاد پرستانہ سیاست کا خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار این پی سی میں منعقدہ ممبران کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے این پی سی کی سابق فنانس سیکرٹری، آر آئی یو جے کے صدر، آر آئی یو جے کے سابق صدور، سینئر صحافیوں، اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کا سعودی عرب اور ایران معاہدے میں سفارتی سہولت کاری کا بڑا دعویٰ
انور رضا کا مزید کہنا تھا کہ آج کے غیر رسمی اجلاس میں ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ انکے جائز حق پر کوئی بھی ڈاکہ نہیں ڈال سکتا، ھماری قیادت نے صحافیوں کیلئے میڈیا ٹاؤن فیز ون حاصل کیا تھا اور فیز ٹو کا سہرہ بھی ہماری ہی قیادت کے ہی سر بندھنے جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس سے مخالفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں اور وہ اس کیخلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہیں،میڈیا ٹاؤن فیز ون سے لیکر آج تک مخالفین نے جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے، فیز ٹو کیلئے پلاٹ نیشنل پریس کلب کی منتخب قیادت کی طرف سے دی جانیوالی لسٹ کے مطابق ہی دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کو خطرہ ہے کہ میڈیا ٹاؤن فیز ٹو کے بعد انکی جھوٹ پر مبنی سیاست کا خاتمہ ہو جائے، ہم نے مخالفین سے مذکرات کی بات کی مگر اسے ہماری کمزوری سمجھا گیا،ہم نے نیشنل پریس کلب کے آئین کے مطابق ممبران کو لسٹ میں شامل کیا، اگر کسی کو ان پر اعتراض ہے تو وہ ہمیں ثبوت فراہم کرے ہم خود غیر صحافیوں کو لسٹ سے نکال باہر کرینگے مگر الزامات کی سیاست کو قبول نہیں کرینگے،ہم کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائینگے کہ جس سے نیشنل پریس کلب کی عزت و حرمت پر کوئی حرف آئے۔
اس موقع پر دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ممبران کی اتنی بڑی تعداد نے اجلاس میں شرکت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ انور رضا کی قیادت ہی انکا حقیقی ترجمان ہے، نئے ممبران کی ممبرشپ انکا حق ہے، مخالفین اجارہ دارہ چاہتے ہیں ، انکی اس خواہش کو پورا نہیں ہونے دینگے، مخالفین کی طرف سے اعتراضا ت میں رپورٹرز اور سب ایڈیٹرز کی توہین کی گئی، میڈیا ٹاؤن فیز ٹو مخالفین کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔