عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر فردجرم کی کارروائی 14 اپریل تک موخر
شیخ رشید کے وکیل کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث فرد جرم آج عائد نہ ہو سکی جس کے بعد عدالت نے شیخ رشید پر فرد جرم کی کارروائی 14 اپریل تک موخر کردی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عوامی مسلم لیگ سربراہ شیخ رشید پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 14 اپریل تک موخر کر دی۔
شیخ رشید سابق صدر آصف زرداری کے خلاف متنازع بیان کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے، جس میں عدالت نے شیخ رشید کو آج فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
بول نیوز کے بیورو چیف صدیق جان کا 24 گھنٹے کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا
تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کا گرفتاری کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ
گزشتہ سماعت پر طبیعت ناسازی کے باعث شیخ رشید عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ ڈسرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شیخ رشید کی جانب سے آصف زرداری کے خلاف متنازع بیان کے کیس کی سماعت کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے سوال کیا کہ کیا شیخ رشید کے خلاف مقدمے کا چالان آ گیا ہے؟
پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ شیخ رشید کے خلاف مقدمے کا چالان عدالت میں جمع ہو چکا ہے۔اس موقع پر شیخ رشید نے عدالت کو بتایا کہ میرے وکیل اس وقت سپریم کورٹ میں ہیں اس لیے آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ میں نے مقدمے کو ختم کرنے سے متعلق درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے شیخ رشید کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔
شیخ رشید کے وکیل کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث فرد جرم آج عائد نہ ہو سکی جس کے بعد عدالت نے شیخ رشید پر فرد جرم کی کارروائی 14 اپریل تک موخر کردی۔