اسلام آباد ہائیکورٹ کا مقدمات کی تفصیلات آنے تک مراد سعید کو گرفتار نہ کرنے کا حکم
آئندہ سماعت تک مراد سعید کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کی جائے، جسٹس ارباب محمد طاہر، پولیس اور ایف آئی اے کو آئندہ ہفتے کیلیے نوٹسز جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمات کی تفصیلات آنے تک تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے
حکومت نے الیکشن سے فرار کیلیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے، عمران خان
پی ٹی آئی کا پنجاب میں نئی نگراں حکومت کا مطالبہ سامنے آگیا
مراد سعید کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کی تفتیش کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں، درخواست پر فیصلہ آنے تک مراد سعید کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا درخواست میں سیکورٹی کی استدعا کی ہے؟ اس پر مراد سعید کے وکیل نے جواب دیا کہ جی ہم نے سیکیورٹی کی استدعا بھی کی ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ اس پر ہم مناسب احکامات جاری کریں گے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ آئندہ سماعت تک مراد سعید کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کی جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ فریقین کوبلا کر پوچھ لیتے ہیں، مناسب احکامات جاری کریں گے۔
عدالت عالیہ نے پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلے ہفتے تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔









