جنسی ہراسانی کیس؛ صدر عارف علوی نے جی ایم پی ٹی وی خالد محمود لکھن کی سزا برقرار رکھی
صدر مملکت عارف علوی نے جنرل منیجر (جی ایم) خالد محمود لکھن پر وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت کی جانب سے عائد کردہ سزا برقراررکھتے ہوئے کہاکہ محتسب نے درست حکم جاری کیا،خواتین سے ہراسانی ناقابل قبول ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنسی ہراسانی کیس میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی ) جنرل منیجر (جی ایم) خالد محمود لکھن کی ملازمت سے برطرفی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی ۔
صدر مملکت عارف علوی نے جنرل منیجر(جی ایم) خالد محمود لکھن پر وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت کی جانب سے عائد کردہ سزا برقراررکھی ۔ خالد محمود پر جنسی ہراسانی کا جرم ثابت ہو گیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیے
صدر مملکت کا احسن اقدام؛ ہراسانی کا شکار خاتون ملازمہ کو جبری ریٹائر کرنے کا حکم معطل کردیا
خالد محمود پر پی ٹی وی سینٹر ملتان کی ایک خاتون میک اپ آرٹسٹ کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہواتھا۔محتسب نے ایم ڈی پی ٹی وی کو ایک ہفتے کے اندر ملزم پر سزائیں عائد کرنے کی ہدایت کی تھی ۔
صدر مملکت نے جی ایم پی ٹی وی کی طرف سے محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل کو مسترد کردیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارا مذہب اور قانون دونوں ہی اس طرح کے عمل کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتے ہیں ۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ معاشرے، خواتین، سماج دشمن اور ہراساں کرنے والوں کو واضح پیغام دینا ضروری ہے،پاکستان خواتین کی جانب ایسے نامناسب رویے کو برداشت نہیں کرے گا۔
عارف علوی نے کہا کہ ملزم نے خود کارروائی کو طول دیا، ملزم نے بار بار التوا کا فائدہ اٹھایا، منصفانہ ٹرائل کا حق انصاف کا تسلیم شدہ اصول ہے مگر قانونی عمل کے غلط استعمال کی بھی اجازت نہیں ہے۔
ڈاکٹرعاف علوی کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ ہم خواتین کے لیے عوامی اور ملازمت کے مقامات کو محفوظ بنائیں،باربار التوا کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے ، محتسب نے درست حکم جاری کیا۔









