جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش ، متعدد علاقے زیرآب، چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق
بدھ کی صبح سے شروع ہونے والی بارش نے چاروں جانب جل تھل کردیا ہے ، درجنوں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں ، ٹریفک کا نظام مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بدھ کی صبح موسلا دھار بارش ہوئی جس سے جل تھل ایک ہو گیا۔بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، درجنوں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں اور کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر پر 70 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔چکلالہ اسکیم میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔
راولپنڈی کے علاقے چکلالہ اسکیم تھری میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔
اڈیالہ روڈ پر واقع کچی پہاڑی کے علاقے میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر پڑی جبکہ مجموعی طور پر اس علاقے میں 4 مکان متاثر ہوئے، ایک گائے بھی ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئی۔راولپنڈی میں لالہ زار کے علاقے میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں سیلابی صورتحال، پاک بحریہ کا ریلیف آپریشن بڑے پیمانے پر جاری
کراچی میں موسلادھار بارش، شہر پانی میں ڈوب گیا، کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق
اڈیالہ اور لالہ زار کے سنگم پر واقع نالے میں گھنٹوں طغیانی کی کیفیت رہی اور پانی پل تک پہنچ گیا۔
راولپنڈی کے ڈھوک جمعہ اور کمال آباد میں بھی پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس سے روزمرہ استعمال کی اشیا کو نقصان پہنچا۔
راولپنڈی کینٹ کے علاقوں بکرامنڈی اور کمال آباد میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا جس کے سبب مختلف علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔بحریہ سفاری ولاز فیز تھری اور فور میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور پانچ گاڑیاں بارش کےپانی میں ڈوب گئیں ۔ اس صورتحال کے باعث اہل علاقہ گھروں میں محدود ہوکر رہ گئے۔
اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے سبب زون فائیو میں واقع پاکستان ٹاؤن کی کئی گلیاں زیر آب آگئیں جبکہ پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ ٹاون کی گلی نمبر 65 مکمل ڈوب گئی جس سےگاڑیوں اور گھر کے قیمتی سامان کو نقصان پہنچا۔ ایم ڈی واسا محمد تنویر کا کہنا تھاکہ جڑواں شہروں میں صبح سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ تھم چکا ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں پل پر پانی کا بہاؤ 9 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر بھی پانی سطح 12 فٹ ہے۔ ایم ڈی واسا کاکہنا تھا کہ راولپنڈی کے کمیٹی پر واقع چوک انڈر پاس کلیر ہے اور وہاں ٹریفک رواں دواں ہے جبکہ شہر کے بیشتر نشیبی علاقوں سے پانی نکال لیا گیا۔ واسا کا عملہ و مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔
ایم ڈی واسا نے شہر بھر کا دورہ کرکے عملے کو نکاسی آب کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ ترجمان واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں اب تک 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے بھی نالہ لئی راولپنڈی کا دورہ کیا-ترجمان واسا کے مطابق نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا میں بارش تھمنے کی وجہ سے پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان نہیں ہے۔