شادی مرگ: سپریم کورٹ سے فیصلہ حق میں آنے پر بزرگ چل بسے

عمر علی کو وہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور پھر پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

سپریم کورٹ سے انصاف ملنے کی خوشی میں بٹگرام سے تعلق رکھنے والا بزرگ سائل دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

بٹ گرام سے تعلق رکھنے والے بزرگ شہری عمر علی نے بٹگرام میں 2003 کو تین کنال اراضی خریدی تھی جس پر مخالفین نے دعویٰ کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی درخواست پر آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری

عمران خان کی لائیو تقریر پر پابندی، اسلام آباد ہائی کورٹ سے پیمرا کا نوٹی فیکیشن معطل

جس کے خلاف بزرگ شہری عمر علی نے 2017ء میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی ، جس کی گزشتہ روز  پانچ سال بعد عدالت عظمیٰ میں پہلی سماعت ہوئی اور عدالت نے دلائل سننے کے بعد پہلی ہی سماعت میں ان کی استدعا منظور کرلی اور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کرکے فیصلہ شہری کے حق میں سنادیا جس پر  عمر علی کو یقین نہ آیا اور انہوں نے اپنے وکیل سے اس بابت دریافت کیا،جن کی تصدیق پر عمر علی کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور  عدالت میں ہی انہیں دل کا دورہ پڑگیا،اسی شادی مرگ کی کیفیت میں وہ جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔

انہیں طبی امداد کی فراہمی کے لئے ایمبولینس منگوائی گئی تاہم پولی کلینک اسپتال اسلام آباد کے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ وہ موقع پر ہی انتقال کرگئے تھے۔

متعلقہ تحاریر