اسلام آباد کی سیشن کورٹ کا پولیس کو شہباز گِل کی اشیاء واپس کرنے حکم

شہباز گل کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ان کے موکل کی کچھ اشیاء واپس کرنے کا حکم دیا تھا مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سپرداری کیس کی سماعت میں پاکستان تحریک انصاف کے کے رہنما شہباز گِل کی قبضے میں لی گئی اشیاء واپس کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج طاہر سپرا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے سپرداری کیس کی سماعت کی۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو سیکریٹری اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی کے خلاف کارروائی سے روک دیا

ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا

شہباز گِل کے وکیل کی جانب سے دلائل کے لئے مزید وقت دیئے جانے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

وکیل کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ شہباز گل سے قبضے میں لی گئی تمام اشیاء انہیں لوٹانے کا حکم جاری کیا جائے۔

جس پر عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ وہ آج عدالتی وقت ختم ہونے سے قبل شہباز گِل کی بقایا اشیاء بھی واپس کردے۔

شہباز گل کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ان کے موکل کی کچھ اشیاء واپس کرنے کا حکم دیا تھا مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

جس پر عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ اگر شہباز گِل کی اشیاء واپس کی جائیں بصورتِ دیگر وہ عدالت آ جائیں۔

عدالت نے گزشتہ سماعت کے موقع پر شہباز گل کی قبضے میں لی گئی تھی 31 اشیاء کی فہرست میں سے جزوی ضروری اشیاء شہباز گل کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا جن میں شناختی کارڈ ،عینک، اے ٹی ایم کارڈ اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء شامل تھیں۔

عدالت نے شہباز گِل کے وکیل  کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ تحاریر