الطاف حسین کا نام نادرا ریکارڈ سے غائب، اسلام آباد ہائی کورٹ نے جواب طلب کرلیا
نادرا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ الطاف حسین کا نام نادرا کے ریکارڈ میں رجسٹرڈ ہی نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی شناختی کارڈ کے حصول کے لئے دائر درخواست کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ الطاف حسین کا نام نادرا ریکارڈ میِں رجسٹرڈ ہی نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے بانی متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین کی شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیے
ممنوعہ فنڈنگ کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ سے عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور
اسلام آباد کے بزرگ وکیل آئیسکو کی من مانی بلنگ سے پریشان
نادرا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ الطاف حسین کا نام نادرا کے ریکارڈ میں رجسٹرڈ ہی نہیں، وکیل کا موقف تھا کہ ہوسکتا ہے بانی ایم کیو ایم کا شناختی کارڈ نادرا کے قیام سے پہلے کا ہو۔
عدالت عالیہ نے دریافت کیا کہ وزارت داخلہ بتائے کہ ایک شخص پاور آف اٹارنی رجسٹر کرانا چاہتا ہے اور سفارت خانہ اسکو تسلیم نہیں کر رہا۔
عدالت نے وزارت داخلہ اور خارجہ کے حکام کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ سے کوئی شخص آیا ہی نہیں تو ڈائریکشن کس کو دی جائے۔
عدالت نے کہا کہ وزارت داخلہ والے عجیب لوگ ہیں، کیا انہوں نےالطاف حسین کی درخواست دیکھی بھی ہے؟۔ایک درخواست 2014 سے زیرالتواء ہے اس کا جائزہ تو لیں، اگر الطاف حسین کی شناختی کارڈ کی درخواست مسترد کر دی ہے تو اس بارے میں بھی بتایا جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ وزارت داخلہ اور خارجہ کے متعلقہ ڈائریکٹرز آدھے گھنٹے میں ہائیکورٹ میں پیش ہوکر عدالت کے درخواست بر موقع پیش کریں۔