ممنوعہ فنڈنگ کیس: عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت غیرمؤثر قرار دے کر نمٹا دی
عدالت نے معاملہ ایک اور عدالت میں زیرِالتواء ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواستِ ضمانت غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواستِ ضمانت غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل عمران خان گزشتہ روز ٹرائل کورٹ کے سامنے سرنڈر کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
شاہ زیب قتل کیس: سپریم کورٹ سے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی بریت کا حکم صادر
بیرسٹر فہد ملک قتل کیس، عدالت نے تینوں مجرموں کو عمرقید کی سزا سناد
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کا کہنا تھا کہ پھر تو یہ کیس غیر مؤثر ہو گیا ہے۔
سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ خصوصی عدالت نے 31 اکتوبر تک ضمانت دی ہے، اسپیشل سنٹرل جج نے کل بھی عدالت کے دائرہ اختیار کے حوالے سے بات کی جب کہ عدالتی دائرہ اختیار پر آج بھی کنفیوژن ہے۔ عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ ان کے موکل کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔
سلمان صفدر نے کہا کہ جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں یہ معاملہ زیرِ التواء ہے، انہوں نے ٹرائل کورٹ سے رپورٹ مانگی ہے۔
عدالت نے معاملہ ایک اور عدالت میں زیرِالتواء ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواستِ ضمانت غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی۔
عدالتِ عالیہ نے ہدایت کی کہ جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار کا جائزہ لے۔