لکی مروت میں انوکھا اور قابل تقلید ولیمہ : 600 گھرانوں میں راشن تقسیم
تحصیل چیئرمین عزیز اللہ خان کا کہنا ہے ہم نے مہنگائی کی وجہ سے امیروں کو کھانے کھلانے کی بجائے غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کا فیصلہ تاکہ ولیمہ بھی ہوجائے اور غریبوں کی مدد بھی ہوجائے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کی سر زمین پر پہلی بار انوکھا اور قابل تقلید ولیمہ ہوا ہے جس میں 6 سو مستحق گھرانوں میں مفت راشن پیکج تقسیم کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع لکی مروت کے تحصیل سرائے نورنگ کے میئر عزیز اللہ خان کے دو بھتیجوں وقاص خان اور شمعون خان کی شادی خانہ آبادی کے ولیمے کے سلسلے میں 6 سو مستحق گھرانوں میں لاکھوں روپے مالیت کے فوڈ پیکجز تقسیم کئے گئے۔
گورنمنٹ شہید بہرام احمد خان ہائیر سیکینڈری اسکول نورنگ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر عبدالہادی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
سوئی گیس کمپنی ملک میں ڈیفالٹ ہونے جارہی ہے، وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم
خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کیلئے گورنر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالہادی کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی اور انوکھی شادی ہے کہ جس میں غیر ضروری اخراجات کی بجائے 600 مستحق خاندانوں میں لاکھوں روپے کے فوڈ پیکجز تقسیم کئے گئے۔
لکی مروت میں انوکھا اور قابل تقلید ولیمہ : چھ سو گھرانوں میں راشن تقسیم #News360 #BreakingNews #LuckyMarwat #Valima #600House #Rationdistribution pic.twitter.com/LSAoYUXHSv
— News 360 (@officialnews360) March 8, 2023
ان کا کہنا تھا کہ یہ انوکھا ولیمہ دیگر صاحب حیثیت اور مال دار لوگوں کیلئے ایک قابل تقلید عمل ہے۔
تحصیل میئر عزیز اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام صاحب حیثیت لوگوں کو چاہیے کہ اپنی خوشیوں میں غریب عوام کو بھی ضرور شریک کریں کیونکہ اسلام نے بھی ہمیں یہ درس دیا ہے کہ بہترین ولیمہ وہ ہے جس میں غریب لوگوں کو بھی کھانا کھلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید مہنگائی کی لہر میں اس طرح کا پروگرام منعقد کرنا غریب عوام کیلئے خوشیوں بھرے امید کی ایک کرن ثابت ہوگا۔
سرائے نورنگ کے تحصیل چیئرمین عزیز اللہ خان کہنا تھا کہ میرے دو بھتیجوں کی شادی تھی جس میں گھر والوں نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم ولیمہ پر 40 لاکھ تک روپے لگائیں گے ، جس پر میں نے انہیں مشورہ دیا کہ آج کل ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہے شدید مہنگائی ہے لوگوں کو دو وقت کی روٹی نہیں مل رہی تو اس لئے ولیمہ میں لوگوں کو راشن پیکجز تقسیم کیے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد سب گھر والوں کو میرا یہ مشورہ پسند آیا اور ہم نے علاقے کے مستحق عوام کیلئے چھ سو فوڈ پیکچز بنائے جس پر لوگوں نے بہت سراہا ہے۔ انہوں مزید کہا کہ ہم شادی پر ولیمہ میں خصوصی مہمانوں کو بلاتے ہیں امیروں کیلئے اچھے اچھے کھانوں کا اہتمام کرتے ہیں جبکہ غریب عوام کا بلکل خیال نہیں رکھتے۔
عزیز اللہ خان نے مزید کہا کہ لوگوں کو چائیے کہ اپنے شادی کے ولیموں کے پروگرام میں مستحق افراد کے لئے فوڈ راشن پیکجز کا اہتمام کیا کریں۔









