پشاور پر کالعدم ٹی ٹی پی کے بڑے حملے کا تھریٹ الرٹ جاری

دہشت گرد 5 سے 10 روز پشاور اور اس کے گردو نواح میں پولیس لائنز طرز کا بڑا حملہ کرسکتے ہیں، پولیس کو نشانہ بنایا جائےگا، انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا آئی جی خیبرپختونخوا کو خط

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے آئندہ 5 سے 10 روز میں پشاور شہر اور نواح میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے شدید نوعیت کے حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔

تھریٹ الرٹ میں پولیس کے بڑے اجتماعات اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پشاور پولیس لائن دھماکے کے خلاف احتجاج کرنے والا پولیس اہلکار ملازمت سے برخاست

آئی جی خیبر پختونخواہ کا صوبے میں دہشتگردی بڑھنے کا اعتراف

آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کے نام جاری تھریٹ الرٹ میں محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا کے ایس ایس پی انٹیلی جنس اینڈسرویلنس  سجاد حسین نے کہا ہے کہ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی5 سے 10 روز میں  پشاور اور اس کے گردونواح میں شدید نوعیت کے حملے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔اس ضمن میں  ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

تھریٹ الرٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دہشت گرد پشاور پولیس لائنز  طرز کا حملہ کرسکتے ہیں۔دہشت گرد پولیس کے بڑے اجتماعات، کسی پولیس اسٹیشن،پولیس کے دفاتر، پولیس لائنز یا ٹریفک ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں دہشت گردوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلیے  تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات  اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ایس ایس پی سجاد حسین نے سفارش کی ہے کہ   موجودہ حالات کی روشنی میں تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات کو اپنانا ضروری ہے تاکہ ان مردہ دل  عناصر کو ان کے مذموم عزائم کو عملی جامہ پہنانے سے باز رکھا جا سکے۔

متعلقہ تحاریر