رویت ہلال کمیٹی کا متوقع اجلاس: 11 اقسام کے پُرتکلف کھانوں کا ٹینڈر جاری ، نگراں صوبائی وزیر کا نوٹس

بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے سیکرٹری کو فی الفور ٹینڈر واپس لینے اور 12 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

22 مارچ کو خیبر پختونخوا میں رویت ہلال کمیٹی کےلیے دم پخت ، حلوہ ، بیف چاول سمیت 11 قسم کے کھانوں کا ٹینڈر جاری کردیا گیا ، اعلامیہ کے مطابق 200 لوگوں کو پرتکلف کھانے پیش کیا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقاف نے اجلاس کے انتظامات کے لیے ٹینڈر نوٹس جاری کردیا محکمہ اوقاف کے دستاویز کے مطابق 22 مارچ کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف آفس میں ہوگا۔ دستاویز کے مطابق اجلاس میں 100 وی آئی پیز اور 100عام لوگوں کے لیے کھانا تیار کیا جائےگا۔

یہ بھی پڑھیے

ای سی پی نے گورنر کے پی کو 14 مارچ کو انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کی دعوت دے دی

خیبر پختونخوا میں عام انتخابات: گورنر کےپی اور ای سی پی حکام کے درمیان مذاکرات بےنتیجہ ختم

دستاویز کے مطابق کھانوں میں دم پخت چاول، مکس سبزی، چکن تکہ بوٹی، چکن کڑاہی، سیخ کباب، رشین سلاد، حلوہ، منرل واٹر، کولڈ ڈرنکس، چائے، پیسٹری، سینڈوچ اور بسکٹ بھی شامل ہیں۔

نگراں وزیر مذہبی امور اور اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے رویت ہلال کمیٹی کے پُرتکلف کھانے کا سختی سے نوٹس لے لیا

اعلامیہ کے مطابق کمیٹی اجلاس کے لئے گزشتہ روز پُرتکلف کھانے کے اہتمام کے لئے  ٹینڈر جاری کیا گیا تھا نگراں وزیر مذہبی و اقلیتی امور نے سیکرٹری کو فی الفور ٹینڈر واپس لینے کے احکامات جاری کئے ہیں ، اور 12 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

نگراں وزیر نے ہدایت دی ہے کہ اجلاس میں صرف کمیٹی ممبران کو مدعو کیا جائیں اور محکمہ تمام اخراجات میں کفایت شعاری سے کام لیں۔

نگراں وزیر نے کہا ہے کہ موجودہ نگراں حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ موجودہ معاشی صورتحال میں اس قسم کے پُرتکلف کھانوں کا اہتمام کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔

متعلقہ تحاریر