ن لیگ میں بھی نظریاتی گروپ تشکیل: خیبر پختونخوا میں ن لیگ دو دھڑوں میں تقسیم

نظریاتی کارکنان کا کہنا ہے امیر مقام نے مسلم لیگ (ن) کےپی کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے ، اس لیے ہم ان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا میں پارٹی کو مؤثر بنانے کے لیے نظریاتی گروپ کی تشکیل کردی گئی ہے ، انتخابات سے پہلے اہم بیٹھک میں اہم فیصلے کیے گئے۔

انتخابات سے پہلے مسلم لیگ ن کو خیبر پختونخوا میں بڑا دھچکا لگا جس میں صوبائی صدر امیر مقام پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

پشاور مسلم لیگ (ن) نظریاتی کارکنوں کا سابق گورنر اقبال ظفر کے گھر پر اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سردار مہتاب عباسی عباسی ، سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا، عبدالسبحان خان ، ارباب حضر حیات اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

سابق وزیراعظم عمران خان کا اتوار دو بجے میناز پاکستان پر جلسے کا اعلان

عمران خان کو عدالت بلائے تو ٹانگ ٹوٹی کے بہانے جلسے کے لیے تیار، مریم نواز

ناراض کارکنان نے کہا ہے کہ پشاور میں نظریاتی کارکنوں کو کھڈے لائن لگانے پر کارکنوں میں تشویش پائی جاتی ہے کارکنان نے امیر مقام اور مرتضیٰ عباسی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس میں پشاور کے کارکنان کا کہنا تھا  کہ امیر مقام نے پارٹی کو اپنے گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے۔ صوبائی صدر امیر مقام نے مسلم لیگ ن کو امیر مقام لیگ میں تبدیل کر دیا ہے ، جبکہ مسلم لیگ ن کی بنیاد رکھنے والوں کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں قربانیاں دینے والوں کو کھڈے لائن اور مشرف کا ساتھ دینے والوں کو نوازا جا رہا ہے۔

اجلاس میں ناراض کارکنان نے نوازشریف ، شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی صوبے میں سکڑتی جا رہی ہے لہذا نواز شریف کے ویژن کے مطابق ن لیگ کو سیاسی قوت بنائیں گے۔

متعلقہ تحاریر