نگراں وزیراطلاعات کے پی کے نے صوبے میں شفاف الیکشن ناممکن قرار دیدیا

موجودہ سیکریٹریز کا رجحان پی ٹی آئی کی جانب ہے، پی ٹی آئی آخری سال 5 ہزار من پسند بھرتیاں کیں، تمام افراد پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، فیروز جمال شاہ

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات نے موجودہ بیوروکریسی کی موجودگی میں صوبے میں شفاف الیکشن کے انعقاد کو ناممکن قرار دے دیا۔

نگراں وزیراطلاعات فیروز جمال شاہ کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکریٹریز کا رجحان پی ٹی آئی کی جانب ہے ،موجودہ بیورو کریسی کے ہوتے ہوئے شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیے

اٹلی کشتی حادثہ؛ ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا اور اذان آفریدی کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں

نظریاتی گروپ تشکیل: خیبر پختونخوا میں ن لیگ دو دھڑوں میں تقسیم

نگراں وزیراطلاعات نے  سابق پی ٹی آئی حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کر تے ہوئے  آخری سال 5ہزار من پسند بھرتیاں کرنے کا الزام بھی عائد کردیا۔

  فیروز جمال شاہ نے کہا   کہ پانچ ہزار میں سے 1200 بھرتیاں محکمہ اطلاعات اور باقی 3800 دیگر محکموں میں کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ چھان بین کے دوران پتا چلا ہے کہ  سب کے سب پی ٹی آئی کارکن ہیں ،وزیر اعلیٰ سے ایف آئی اے کے ذریعے انکوائری کا بھی کہا ہے۔

 نگراں وزیر اطلاعات نے بیو رو کریسی کے حوالے سے  بھی بے بسی کا اظہار کر دیا۔انہوں نے کہا موجودہ سیکریٹریز کا رجحان پی ٹی آئی کی جانب ہے ،موجودہ بیورو کریسی کے ہوتے ہوئے شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔

انکا مزید کہنا ہے کہ بیورو کریسی نگراں حکومت کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہی   ،اصل میں بیوروکریسی چاہتی ہے کہ نگراں حکومت کچھ نہ کرے بس اپنا وقت گزارے ۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ، بلین ٹری  سونامی سمیت دیگر منصوبوں کے خلاف پہلے سے قائم انکوائریز کو بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر