پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ تاجر ہلاک ہوگیا
ایس ایس پی آپریشن کا کہنا ہے پولیس نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں تھانہ رحمان بابا کے حدود دیر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ برادری کا ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے ایدھی ایمبولینس کی مدد سے لاش کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ رحمان بابا کی حدود گڑھی عطاء محمد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے سکھ تاجر کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیلئے ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان ان کی رہائش گاہ پر گئے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل ہلاک ہو گئے
پنجاب پولیس کے جوانوں نے آسٹریلوی نژاد شہری کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا
ایس ایس پی آپریشنز نے لواحقین سے مللاقات کے دوران اب تک ہونے والی تحقیقات سے آگاہ کیا اور اسے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا یقین دلایا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے اور اہم شواہد کی روشنی میں مختلف زاویوں پر جامع تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے قاتلوں کی روٹس کا تعین کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید نے کہا کہ اقلیتوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے جس کیلئے پشاور پولیس تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے سکھ برادری کو ایس ایس پی آپریشنز نے مکمل تحفظ اور بھر پور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔