اگلے ہفتے سے پری مون سون بارشیں متوقع ہیں، پی ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کردیا
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔
خیبرپختونخوا (کے پی) کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 25 سے 30 جون تک گرد آلود ہواؤں کے ساتھ پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ جاری کیے گئے انتباہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق اگلے ہفتے آنے والے موسمی نظام کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ چند علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی ارکان کو بغاوت پر اکسانے پر پرویز خٹک کو شوکاز، سابق صوبائی صدر برہم
کےپی بجٹ: محکمہ خزانہ کی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کی تجویز
جن علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں ان میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جن علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں ان میں میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ بھی شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے کی تمام ضلعی انتظامیہ کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کو خاص طور پر اجاگر کیا ہے، جبکہ بارش سے جاری ہیٹ ویو میں کمی متوقع ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مقامی انتظامیہ کو چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غیر محفوظ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پری مون سون بارشوں کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ نے متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ سڑک کے رابطے کو برقرار رکھنے کے لیے چوکس رہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 سے 29 جون تک بارکھان، لورالائی، سبی، نصیر آباد، قلات، خضدار، ژوب، زیارت، موسیٰ خیل، ڈی آئی خان، کرک، وزیرستان، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن، اور اوکاڑہ میں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 27 اور 28 جون کو سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔