مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام دہشتگردانہ حملے میں محفوظ رہے
وزیر اعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کی ہے اور ان کی لمبی عمر کی دعا کی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام ہفتہ کے روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں محفوظ رہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق رہنما ن لیگ امیر مقام کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر اپنے آبائی شہر کے دورے کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف شہروں میں کارروائی، 9 دہشتگرد گرفتار
ریڈیو پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امیر مقام نے دہشت گردانہ حملے سے بچنے پر خدا کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے شانگلہ کے عوام کا بھی ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما امیر پر 2014 میں بھی اسی مقام پر خودکش حملہ ہوا تھا۔
انہوں نے دہشت گردوں کو ملک دشمن قرار دیا ہے۔ امیر مقام کا کہنا ہے کہ پاکستان ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب سے دہشتگردی پر قابو پائیں۔
ریڈیو پاکستان کی جانب ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امیر مقام سے رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سیکیورٹی فورسز نے ملک کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعظم نے مقام کی بہادری اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور عوام دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کو قاتلانہ حملے میں محفوظ رکھا۔ پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔”
اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کو قاتلانہ حملے میں محفوظ رکھا۔ پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ اس ملک خداداد کے تحفظ اور روشن مستقبل کے لئے ہماری سیاسی قیادت ، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سیکورٹی…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 24, 2023
شہباز شریف نے مزید لکھا ہے کہ "اس ملک خداداد کے تحفظ اور روشن مستقبل کے لئے ہماری سیاسی قیادت ، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سیکورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ حکومت اور عوام دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔”