ضلع خیبر کے نیاز ولی ایمانداری کی اعلیٰ مثال
کے پی کے اسکاؤٹ نے بی آر ٹی بس سے ملنے والے 19 لاکھ روپے اصل مالک تک پہنچا دیے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے تعلق رکھنے والے نیاز ولی فرنٹیئر کور باجوڑ کے اسکاؤٹ نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے 19 لاکھ روپے اصل مالک تک پہنچا دیے ہیں۔
نیاز ولی کو گزشتہ روز بی آر ٹی میں سفر کے دوران 19 لاکھ روپے ملے تھے جو ایک تھیلے میں رکھے ہوئے تھے۔ انہوں نے لاکھوں روپے بی آر ٹی ہیڈ آفس میں اصل مالک کو پورے واپس کر دیے۔
یہ بھی پڑھیے
غیرجانبداری کے علمبردار صحافی رحیم اللہ یوسفزئی چل بسے
فرنٹیئر کور باجوڑ اسکاؤٹس کے نیاز ولی کے مطابق جب انہیں پیسوں سے بھرا ہوا بیگ ملا تو حیران اور پریشان ہو گئے ، کہ کس طرح رقم کو اصل مالک تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے رقم سے متعلق پوسٹ کرکے اپنا نمبر بھی ایڈ کیا، رقم بھول جانے والے شخص نے بی آر ٹی انتظامیہ کو خبر دی کہ ان کے پیسے بس میں رہ گئے تھے۔
نیاز ولی نے مزید بتایا کہ بی آر ٹی انتظامیہ نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے میرے موبائل نمبر پر رابطہ کرکے مجھے اور جن صاحب کے پیسے رہ گئے انہیں اپنے دفتر بلایا ۔ مالک نے پیسوں کی صحیح نشاندہی کی جس پر 19 لاکھ روپے اصل مالک کو حوالہ کردیے گئے۔
ٹرانس پشاور نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر نیاز ولی آفریدی کو شیلڈ پیش کی جبکہ رقم کے مالک نے بھی انہیں انعام سے نوازا ہے۔









