غیرملکی سیاحوں نے کے پی کے کو سیاحت کے لیے محفوظ قرار دے دیا
خیبر پختون خوا حکومت نے سوات میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سیدو شریف میں ایئرپورٹ کو آپریشنل کردیا ہے۔
پاکستان کا صوبہ خیبر پختون خوا قدرتی حسن سے مالامال ہے، جس کی وجہ سے کے پی کے میں سیاحت کے بےپناہ مواقع موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کا کہنا ہے حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سوات میں سیاحت کو فروغ دینے کےلیے سیدو شریف میں ایئرپورٹ کی بحالی کاکام مکمل کرلیا ہے۔ حکومت ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے آپریشنل ہونے سے سوات میں سیاحت کی آمدورفت بڑھے گی جس سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے مقامی لوگوں کے کاروبار کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
خیبر پختون خوا کے جنگلات میں آتشزدگی، بلین ٹری منصوبے کے خلاف سازش
کے پی کے کے شمالی علاقہ جات میں ترچ میر اور فلک شیر پہاڑیاں بین الاقوامی کوہ پیماؤں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لیے خصوصی دلکشی کا باعث ہیں۔ حکومتی توجہ سے یہاں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
حکومت کی کامیاب پالیسیز کی وجہ سے کے پی کے میں سیاحت فروغ پارہی ہے۔ غیرملکی سیاح خیبر پختون خوا کا رخ کررہے ہیں۔
کے پی کے میں آئے ہوئے غیرملکی سیاحوں نے تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا غیرملکی سیاحوں کے لیے ایک بہترین سیاحتی مقام ہے اور محفوظ ترین جگہ ہے۔
جرمنی، آسٹریا اور نیوزی لینڈ سے آئے سیاحوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور صوبہ خیبر پختون خوا کےعلاقے سیاحت کے حوالے سے محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ انہیں کسی قسم کا ڈر اور خوف نہیں ہے اور نہ ہی وہ خود کو غیرمحفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چترال پہنچ کر بہت خوشی محسوس ہوئی وہاں کے لوگوں نے انہیں بہترین طریقے سے خوش آمدید کیا۔ لوگوں کی مہمان نوازی بہترین تھی۔ قدرتی مناظر اپنی مثال آپ ہیں خیبر پختون خوا حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل قدر ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو سہولیات دے رہی ہے۔ تمام سیاحوں کو کے پی کے میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے سے مالامال ہے۔