شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار اور 1 ورکر جاں بحق
دتہ خیل پولیس حکام کا کہنا ہے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقےکی ناکہ بندی کردی ہے جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

شمالی وزیرستان کے علاقے ڈانڈ گاؤں میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیو ورکرز کی حفاظت پر معمور 2 پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر جاں بحق جبکہ ایک بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پولیو کے قطرے پلانے والے ٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کی زد میں آکے دو پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
20 کروڑ مالیت کی نایاب چیتا چھپکلیوں کی بیرون ملک ا سمگلنگ ناکام
شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں فائرنگ، چار دوست جاں بحق
پولیس حکام کا کہنا ہے فائرنگ کا واقعہ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے ڈانڈ گاؤں میں پیش آیا ہے۔ فائرنگ کے فوری بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
ریسکیو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت رضا ولی اللہ اور دل بادشاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد محکمہ صحت کے حکام نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل 1-B میں کام کرنے والی تمام 21 ٹیموں کو واپس بلالیا گیا ہے۔