پشاور بورڈ کے جماعت دہم کے نتائج کا اعلان، طالبات نے میدان مارلیا

نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں فریال راشد اور مزنہ عالم نے 1089 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ آرٹس گروپ میں سائرہ گل نے 1043 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ابتدائی و ثانوی تعلیمی بورڈ پشاور کے تحت جماعت دہم کے سالانہ امتحانات برائے سال 2022 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سائنس گروپ میں فریال راشد اور مزنہ عالم نے 1100 میں سے 1089 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سکھر:میٹرک سائنس و جنرل گروپس کے نتائج کا اعلان، طالبات نے میدان مارلیا

کے پی کے کی جامعات اربوں روپے خسارے میں، بجٹ مزید کم کردیا گیا

نتائج کے مطابق مریم بی بی ، مشال سبحان اور سید حماد علی شاہ نے 1088 نمبر لے کر دوسری پوزیشن جبکہ درمر جان ، زرلخت ،فاطمہ زرلال اور کنول اختر نے 1087 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔

اسی طرح آرٹس گروپ میں سائرہ گل نے 1043 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، حافظہ اُمامہ سید 1030 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ سیدہ حلیمہ مسعود 1004 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

 مجموی طور پر 80044 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 67246 طلبہ کامیاب ہوئے اور کامیابی کی مجموعی شرح84 فیصد رہی ہے۔

 نتائج کا علان کرنے کیلئے بدھ کے روزوزیراعلیٰ ہاﺅس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان تھے۔صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف ، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز ، چیئرمین پشاور،سوات اور مردان بورڈ ز ، پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور اُن کے والدین اور اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی ۔

 تقریب میں وزیراعلیٰ نے پشاور بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کو اعزازی شیلڈز اور انعامات دیئے ۔ اس موقع پرمحمود خان نے سوات بورڈ کے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات براے سال2020,2021 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں بھی میڈلزاور دیگر انعامات تقسیم کئے ۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ ، اُن کے والدین ، اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بچے ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور ہم اپنے بچوں کو پڑھانا اور اُنہیں دُنیا کے دیگر ممالک کے بچوں کے برابر لانا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔

 اُنہوںنے مزید کہاکہ اُن کی حکومت کیلئے تعلیم کا شعبہ سب سے اہم ہے کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل جڑا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ تعلیم کے شعبے کو مستحکم کرنے کیلئے مربوط اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور اصلاحات کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ کا اجراءہماری حکومت کا ایک اہم قدم ہے جس کے بہت اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ سیکنڈ شفٹ کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کی پوری ٹیم کی کارکردگی قابل تحسین ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں اپنی حکومت کے دیگر اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں میں نئے فرنیچر کی فراہمی کے علاوہ سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ ان سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے ۔

انکا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے مختلف اُمور کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بورڈ ز انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ تعلیمی بورڈز کے جملہ اُمور کو ڈیجیٹائز کیا جائے تاکہ طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اُنہوںنے کہاکہ پشاور بورڈ کو مادر بورڈ کا درجہ دینے پر غور ہو رہا ہے جبکہ مادر بورڈ کے قیام سے صوبہ بھر کے امتحانی نظام میں یکسانیت آئے گی۔تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی اور دیگرنے بھی خطاب کئے.

متعلقہ تحاریر