دیر میں سیلابی پانی مسافر کوچ بہا لے گیا، حادثے میں 16 افراد شدید زخمی

خیبرپختون خوا کے ضلع دیر زیریں تالاش خوڑ میں مسافر کوچ  برساتی پانی میں بہہ گئی تاہم بروقت اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور تمام افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ،زخمیوں کو تیمر گرہ اسپتال متقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے

خیبرپختون خوا کے ضلع  دیر زیریں میں  مسافر کوچ برساتی پانی میں بہہ گئی۔ حادثے میں خواتین و بچوںسمیت 16 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

ریسکیو1122 کے حکام کے مطابق لوئر دیر کے علاقے تالاش خوڑ میں مسافر کوچ برساتی پانی میں بہہ  گئی تاہم بروقت اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو سرگرمیاں شروع کردیں۔

یہ بھی پڑھیے

دیر بالا گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ، ریسکیو آپریشن میں ماں بیٹی کو زندہ بچا لیا گیا

ریسکیو1122 کے ترجمان نے بتایا کہ تالاش خوڑ میں  تیز رفتار برساتی پانی میں بہہ جانے والی مسافر کوچ میں موجود خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔

امدادی ادارے کے مطابق ریسکیو کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی فوری طور ایمبولینسیز، ریکوری وہیکل اور واٹر ریسکیو وہیکل جائے حادثہ پر پہنچی اور ریسکیو سرگرمیاں شروع کیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ریکوری ٹیم نے گاڑی کو پیشہ ورانہ مہارت کیساتھ سیلابی پانی سے بایر نکالا جبکہ اس کے بعد سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے  کھول دیا گیا ہے ۔

ریسکیو1122 کے ترجمان نے کہا کہ ریسکیو کیے گئے تمام زخمیوں کو ایمبولنسز کے ذریعے تالاش اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ۔

تالاش اسپتال میں زخمیوں کو ابتدائی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال تیمرگرہ منتقل کردیا گیا۔ جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

متعلقہ تحاریر