نوشہرہ: دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

نماز جنازہ میں آئی جی پولیس ، ریجنل پولیس افسر اور اعلیٰ پولیس افسران سمیت معززین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

خیبر پختون خوا کے ضلع نوشہرہ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ۔

شہید پولیس اہلکاروں (ہیڈ کانسٹیبل منظور،کانسٹیبل امان اللہ  اورڈرائیور کانسٹیبل ایاز) کی نماز جنازہ پولیس لائن نوشہرہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

میجر جنرل احمد شریف ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات

نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری ، ریجنل پولیس افیسر محمد علی گنڈا پور ، ڈپٹی کمشنر خالد اقبال ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمر خان سماجی شخصیات ، پولیس افسران اور کثیر تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی۔

شہید پولیس اہلکاروں کو گذشتہ شام نامعلوم شرپسندوں نے دوران ڈیوٹی فائرنگ کر کے شہید کیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔ جہاں پر شہداء کو پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

اس موقع پرانسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

آئی جی پی نے شہداء کے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، انہوں نے ورثاء کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو عنقریب کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ دہشتگرد عناصر اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ گذشتہ شام خیبر پختون خوا کے ضلع نوشہرہ کے تھانہ اکوڑہ خٹک سوریا خیل پولیس موبائل پر نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

ڈی پی او نوشہرہ محمد عمر خان کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے مین جی ٹی روڈ پر پولیس وین پر حملہ کیا ، جس کے نتیجے میں تین پولیس جوان شہید ہو گئے تھے ، شہید ہونے والوں میں موبائل افسر ڈرائیور اور دو کانسٹیبل شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر