لکی مروت میں دہشتگردوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید ، ایک دہشتگرد ہلاک
شہید ہونےوالے پولیس اہلکار کی شناخت تحسین اللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مارے گئے دہشتگرد کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی ہے۔
رات گئے لکی مروت شہباز خیل پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس پولیس کے جوانوں نے بہادری سے ناکام بناتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا۔
لکی مروت میں سال نو کا آغاز دہشت گردوں کے حملے سے ہوا ہے، رات گئے دہشت گردوں نے انڈس ہائی وے پر واقع پولیس چوکی شہباز خیل پر حملہ کیا ہے، جس سے ایک پولیس اہلکار تحسین اللہ شہید ہو گئے ہیں۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہوگئے۔
پولیس ترجمان شاہد حمید کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں بڑے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔ حملے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ناکہ بندیاں کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
سرچ آپریشن کے دوران ایک مبینہ دہشت گرد کی لاش بھی چوکی کے قریب سے ملی ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے دو ماہ کے دوران لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملوں میں 13 پولیس اہلکار شہادت کے مرتبہ پر فائز ہو چکے ہیں۔
شہباز خیل پولیس چوکی پر شدت پسندوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار تحسین اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ضلعی پولیس سربراہ ضیاء الدین سمیت پولیس، پاک فوج اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی جس کے بعد میت کو آبائی ضلع کرک روانہ کردیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہید کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والوں کا نام رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔
پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی جوکہ سی ٹی ڈی کو دہشت گردی سمیت سیکورٹی اہلکاروں پر حملوں میں مطلوب تھا۔