کالعدم ٹی ٹی پی کا خیبر پولیس کے چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

ڈی پی او ضلع خیبر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ضلع خیبر کے علاقے جمرود تختہ بیگ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے جمرود تختہ بیگ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے خودکش حملہ کردیا ، ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 3 اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور شہیدوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، تاہم دہشتگرد رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

ای سی پی شفاف بلدیاتی انتخابات کرانے میں ناکام رہا، جے آئی اور پی ٹی آئی کا موقف

پشاور: سربند پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت تین پولیس جوان شہید

ڈی پی او خیبر عمران خان چترالی نے نیوز 360 کے نامہ نگار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر 3 پولیس اہلکار زخمی جبکہ 2 کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے الرٹ رہتے ہوئے خودکش حملہ آور کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ کی انٹری پر خودکش بمبار نے فائرنگ کی اور ہینڈ گرینیڈ پھینکے جس پر ہمارے پولیس جوانوں نے انکو آگے "مین پوائنٹ” تک جانے سے روکے رکھا اور بہادری سے لڑ کر جام شہادت نوش کیا۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے مفرور دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ سے متعلق متضاد اطلاعات آرہی ہیں ، تاہم آپریشن جاری ہے جس کے بعد تمام حقائق سے میڈیا کے دوستوں کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں ایک باورچی رفیق بھی شدید زخمی ہے اور انکا اسپتال میں علاج جاری ہے تاہم انکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

متعلقہ تحاریر