تحریک انصاف نے محسن نقوی کی نگراں وزیراعلیٰ تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی
تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور پارٹی سیکریٹری جنرل رٹ پٹیشن دائر کردی، راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری اور الیکشن کمیشن کے 2 ارکان بابر حسن بھروانہ اور اکرام اللہ خان کی تعیناتی بھی عدالت عظمیٰ میں چیلنج
پاکستان تحریک انصاف نے ٹی وی چینل کے مالک محسن نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی اور الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کا تقرر بھی عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے امیدوار محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا
آرمی چیف کے ہمراہ محسن نقوی کے دورہ سعودی عرب پر وضاحت طلب
تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور پارٹی سیکریٹری جنرل عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کردی ہےجس میں محسن نقوی کو بطور نگران وزیر اعلی کام سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ محسن نقوی کا بطور نگراں وزیراعلیٰ تعیناتی کا نوٹی فکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے۔
تحریک انصاف نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ محسن نقوی کو بطورنگراں وزیراعلیٰ جانبدار قرار دیا جائے۔ تحریک انصاف نے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹی فکیشن بھی چیلنج کردیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبر بابر حسن بھروانہ اور اکرام اللہ خان کی تعیناتی کو بھی غیر آئینی قرار دیا جائے۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
عمران خان نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ وہ وہ انتخابات کی تاریخ لینے اور نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے خلاف عدالت جا رہے ہیں۔جب کہ سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے مستقبل کو بچانے کے لیے ہر روز مختلف شہروں میں مظاہرے کیے جائیں گے۔انہوں نے نگراں وزیراعلیٰ پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس آدمی کو تسلیم نہیں کرتے جو ایک ایجنڈے کے تحت آیا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے پیچھے وہی لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان پر کاٹا لگایا تھا۔