مریم نواز کی وطن واپسی: پنجاب کے تمام شہروں میں پیٹرول کا حصول ناممکن ہوگیا

صوبائی دارالحکومت لاہور ، گوجرانوالہ ، گجرات ، فیصل آباد ، ملتان ، رحیم یار خان ، سیالکوٹ ، بہاولنگر ، راولپنڈی ، بہاولپور کے سینکڑوں پیٹرول پمپس بند ، شہری خوار ہو گئے۔

معیشت کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کی  دعوے دار (ن) لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے ملک میں واپس آتے ہی پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہو گئی ، قیمتوں کی اضافے کی افواہوں کے ساتھ ہی سینکڑوں پیٹرول پمپس مالکان نے پمپس پر سیل بند کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے ساتھ ساتھ پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہوگئی،  صرف لاہور کے کم سے کم 2000 پیٹرول پمپس پر پیٹرول پمپس مالکان نے سیل بند کردی ، جس کی وجہ سے پمپس سے لمبی قطاریں لگ گئیں، متعدد جگہوں پر لڑائی جھگڑے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

دالوں کے 7 ہزار کنٹینر بندرگاہ پر پھنس گئے،ملک میں صرف 15 روز کا ذخیرہ رہ گیا

ڈار کی پالیسیاں تباہی کے دہانے پر لے آئیں، ڈالر263 اور سونا 2 لاکھ روپے تولہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق ، گوجرانوالہ کے صرف 20 فیصد پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات دستیاب تھیں جبکہ فیصل آباد کے متعدد پیٹرول پمپس کو بند کردیا گیا تھا۔ شہری پیٹرول کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے رہے۔

رحیم یار خان ، سیالکوٹ ، گجرات ، راولپنڈی ، بہاولپور ، ملتان میں افواہوں کے بعد بڑی تعداد میں پیٹرول پمپس بند ہو گئے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت نام کی کوئی شے نہیں ہے۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا کام ہوتا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو ممکن بنائے ، پیٹرول پمپس بند پڑے ہیں لیکن حکومتی عملداری کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔

دوسری جانب ذخیرہ کرنے  والے پیٹرول پمپس مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کم آرہی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہورہی ہے۔ اس معاملے پر متعلقہ حکام کا ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ تحاریر