نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا اقدام: ٹریفک چالان کا ڈیلی کوٹہ سسٹم ختم

نگران وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں اور پی ایس ایل میچز کو مدنظر رکھ کر بہترین منصوبہ بندی کی جائے۔ سڑکوں کی بندش کی صورت میں قبل از وقت عوام کو بھرپور آگاہی دی جائے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور سمیت پنجاب میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے بڑے فیصلے صادر کردیئے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کرنے کا ڈیلی کوٹہ ختم کرتے ہوئے کہا کہ چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے کی روش فوراً ختم کی جاتی ہے ، ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی ڈیلی چالان سے مشروط نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

سپریم کورٹ کا ٹیکس دہندگان کو 7 دن میں 50 فیصد سپر ٹیکس ادا کرنے کا حکم

توشہ خانہ کیس: لاہور ہائیکورٹ کا توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے کا عندیہ

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 5 بڑے شہروں میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک لائسنس کے اجراء آسان بنا دیا ہے۔ لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں لائسنسنگ سینٹرز دو شفٹ میں کام کریں گے۔ لائسنسنگ سینٹرز ہفتے اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے علاقے لبرٹی کا سینٹر 24 گھنٹے شہریوں کے لائسنس بنائے گا جس سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں بے پناہ سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ گلبرگ ، مال روڈ ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل روڈز قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ماڈل روڈز پر ٹریفک کی روانی کیلئے موثر مینجمنٹ سسٹم لاگو کیا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کیلئے روڈ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سڑکوں پر موجود رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تجاوزات کو ہٹایا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لئے آؤٹ ریچ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت کالجوں میں ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جا کر طلبہ کے لائسنس بنائیں گی اور طلبہ کا ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی متعلقہ کالج میں ہی لیا جائے گا۔ طلبہ کو ٹریفک قوانین سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے ٹریفک وارڈنز کی ترقی سے متعلقہ امور کو جلدازجلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی سے متعلقہ امور کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑکوں پر گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ گوشت فروخت کرنے والوں کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ پرندوں کی وجہ سے فضائی حادثے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

محسن نقوی نے سڑکوں پر بھیک مانگنے والے مافیا کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے اور بھیک مانگنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کیا جائے۔

انہو ں نے کہا کہ سمن آباد انڈر پاس اور کلمہ چوک انڈر پاس کو جلدازجلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ٹریفک نظام کو درست کرنا ایک چیلنج ہے اور آپ نے اسے ہر حال میں پورا کرنا ہے۔ شہری ٹریفک جام ہونے سے مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، ہمیں اسے فوری حل کرنا ہے۔ مجھے خود بھی احساس ہے کہ ٹریفک کی وجہ سے کس قسم کی کوفت سے گزرنا پڑتا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں اور پی ایس ایل میچز کو مدنظر رکھ کر بہترین منصوبہ بندی کی جائے۔ سڑکوں کی بندش کی صورت میں قبل از وقت عوام کو بھرپور آگاہی دی جائے۔ ٹریفک نظام کو بہتر کردیا تو ذمہ داری کی ادائیگی کے ساتھ لوگ آپ کو دعائیں بھی دیں گے۔

بریفنگ کے دوران نگران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ لاہور میں سالانہ 3 لاکھ 70 ہزار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا اضافہ ہوتا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، کمشنر لاہور ڈویژن،سی ٹی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور، ایم ڈی ٹیپا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ تحاریر