عمران خان کی جیل بھرو تحریک سے قبل لاہور میں3 اہم مقامات پر  دفعہ 144 نافذ  

محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر مال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور سول سیکریٹریٹ کے اطراف 7 روز کیلیے دفعہ 144 نافذ، مظاہروں اور ریلیوں پر پابندی عائد، عمر سرفراز چیمہ کی سربراہی میں کارکنان کل شاہراہ قائد اعظم پر گرفتاریاں دیں گے

محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے آغاز سے قبل ہی  لاہور  کے 3 اہم مقامات پر 7روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔

محکمہ داخلہ پنجاب  کے اعلامیے کے مطابق مال روڈسمیت 3 مقامات پر   دفعہ 144   کے نفاذ کی سفارش ڈپٹی کمشنرکی جانب سےکی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی جیل بھرو تحریک ، ہزاروں کارکنان کس جیل میں جائیں گے

 تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کا ویڈیو ٹیزر جاری کردیا

 محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈپٹی کمشنر کی سفارش کو منظور کرتے ہوئے  مال روڈ،مین بلیوارڈ گلبرگ اور سول سیکرٹریٹ کے اطراف کے علاقے  میں دفعہ 144 نافذ کی ہے  ۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں مقامات پر مظاہرے اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں،پی ایس ایل میچز کی وجہ سے بھی ان سڑکوں پر رش بڑھےگا،اس لیےان تینوں مقامات پر 7 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ   پاکستان تحریک انصاف کل بروز بدھ 22 فروری سے ملک بھر میں جیل بھرو تحریک شروع کرنے جارہی ہے۔ تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق  22 فروری کو شاہراہِ قائد اعظم لاہور پر گرفتاریاں پیش کی جائیں گی۔    سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، ارکان اسمبلی کے گروپ کے ہمراہ گرفتاری پیش کریں گے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔

تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق  23 فروری کو پشاور ،  24 کو راولپنڈی ، 25 فروری کو ملتان اور 26 فروری کو گوجرانولہ کے کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔

  شیڈول کے مطابق 27 فروری کو سرگودھا ، 28 فروری ساہیوال اور یکم مارچ کو فیصل آباد میں رضاکارانہ گرفتاری دی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر