لاوارث لاشوں کے معاملہ: ڈیٹا مرتب نہ کرنے پر چیف سیکرٹری پنجاب لاہور ہائیکورٹ میں طلب
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بیوروکریسی نے قسم کھائی ہوئی ہے کہ عدالت کے کسی حکم پر عمل نہیں کرنا۔
لاہور ہائیکورٹ نے لاوارث لاشوں کا سرکاری اسپتالوں میں ڈیٹا مرتب کرنے کے حکم پر 24 فروری تک عمل نہ ہونے کی صورت میں چیف سیکرٹری پنجاب کو طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
عمل درآمد رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت نے ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں کی مبہم رپورٹس مسترد کردیں۔
یہ بھی پڑھیے
الیکشن کمیشن کی انتخابات کیلئے گورنر سے مشاورت کی گنجائش نہیں ہے، اے جی پنجاب
لاہور ہائیکورٹ میں توشہ خانہ سے فیضیاب شخصیات کا ریکارڈ پیش کردیا گیا
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو عدالتی حکم پر کل عدالت میں پیش ہونا پڑا لیکن بیوروکریسی نے قسم کھائی ہوئی ہے کہ عدالت کے کسی حکم پر عمل نہیں کرنا۔
وکیل درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک چیف سیکرٹری کو نہیں بلایا جائے گا کوئی افسر کام نہیں کرے گا۔ درخواست میں استدعا کی گٸی کہ لاوارث لاشوں کا ڈیٹا مرتب کرنے کا حکم دیا جاٸے تاکہ نشتر اسپتال ملتان جیسے واقعات کو روکا جا سکے۔
عدالت نے چیف سیکریٹری پنجاب کو طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی چوبیس (24) فروری تک ملتوی کردی۔