زین قریشی کا شاہ محمود اور دیگر رہنماؤں کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے پہلے روز شاہ محمود قریشی نے اپنے  دیگر ساتھیوں کی ہمراہ لاہور پولیس کو گرفتاری دی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے اپنے والد شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے اپنے والد اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

یہ بھی پڑھیے

کےپی میں عام انتخابات: پشاور ہائیکورٹ کا اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن سے 28 فروری کو جواب طلب

ہائیکورٹ کا پی آئی بی کالونی میں 21ہزار800 مربع گز کا پلاٹ خالی کرنیکا حکم

لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شاہ محمود قریشی کو بغیر کسی وجہ کے حراست میں رکھا گیا ہے، انہیں گزشتہ روز پولیس نے حراست میں لیا تھا۔

زین قریشی کا اپنی درخواست میں موقف ہے کہ ہمیں نہیں بتایا جارہا کہ شاہ محمود قریشی کہاں ہیں؟ درخواست میں استدعا کی گئی کہ انہیں بازیاب کرا کے رہا کیا جائے۔

سینٹر اعظم سواتی، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور سینیٹر ولید اقبال کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی جائیں گی۔

عدالت نے درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دیں، جسٹس شہرام سرور چوہدری کل درخواستوں پر سماعت کریں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے پہلے روز شاہ محمود قریشی نے اپنے  دیگر ساتھیوں کی ہمراہ لاہور پولیس کو گرفتاری دی تھی۔

جیل منتقلی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کپتان کی کال پر جیل بھرو تحریک کی قیادت کرتے ہوئے وعدے کے مطابق پہلی گرفتاری دینا باعثِ فخر ہے، تحریک جاری رہے گی جب تک امپورٹڈ حکومت ملک میں جاری لاقانونیت ختم نہیں کردیتی، عوامی عدالت میں گزشتہ دس ماہ کی تباہ کاریوں کا حساب نہیں دیتی۔

متعلقہ تحاریر