شاہ محمود قریشی تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے اٹک جیل منتقل
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مبشر ملک کے حکم پر ڈسٹرکٹ جیل اٹک منتقل کردیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے اٹک جیل بھیج دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کی دفعہ 1 کے تحت 30 دن قید کی سزا کے طور پر باقاعدہ گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
زین قریشی کا شاہ محمود اور دیگر رہنماؤں کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
توشہ خانہ کیس: لاہور ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے ابتک تحائف کی تفصیلات طلب کرلیں
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مبشر ملک کے حکم پر ڈسٹرکٹ جیل اٹک منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک نے وزارت داخلہ، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب، ڈی آئی جی جیل راولپنڈی ریجن اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر ڈی پی او اٹک کو مراسلے جاری کردیئے ہیں۔
مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ ایک روز قبل لاہور سے رضاکارانہ طور پر گرفتاری دینے والے شاہ محمود قریشی کو لاہور سے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا، یہ قدم آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے حکم پر اٹھایا گیا۔
خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے نے اپنے والد کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ زین قریشی کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو غیر ضروری طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔ محمود قریشی کو دو روز قبل پولیس نے حراست میں لیا تھا، ہمیں نہیں بتایا جا رہا کہ شاہ محمود قریشی کہاں ہیں۔ زین قریشی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت شاہ محمود قریشی کی بازیابی اور رہائی کا حکم دے۔ دوسری جانب اسد عمر، اعظم سواتی اور ولید اقبال کے اہل خانہ نے بھی ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔