فواد چوہدری کی گرفتاری دینے والے رہنماؤں پر فوجداری مقدمات کے خلاف درخواست
فواد چوہدری نے لاہور ہائی کورٹ میں ازخود گرفتاری دینے والے پارٹی رہنماؤں کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کرنے اور اور دوسرے اضلاع منتقلی کے خلاف درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے عدالت حکومت کو ان اقدامات سے روکے
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ازخود گرفتاری دینے والے پارٹی رہنماؤں کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی ہے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت،صوبائی حکومت آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
زین قریشی کا شاہ محمود اور دیگر رہنماؤں کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے گرفتار رہنماؤں اور کارکنان پر فوجداری مقدمات اور دوسرے اضلاع منتقلی کے خلاف درخواست دائر کی ہے ۔
ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان نے علامتی گرفتاریاں دی ہیں۔ پارٹی کے رہنما اور کارکنان عادی مجرم نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے درخواست میں کہا ہے کہ پارٹی سربراہ عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا جس پر رہنما اور کارکن گرفتاری دینے کے لیے چیئرنگ کراس لاہور پہنچے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے موقف اختیار کیا کہ تمام رہنماوں اور کارکنان نے علامتی گرفتاریاں دی ہیں۔ ان کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کرنے سے روکا جائے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کو فوجداری مقدمات قائم کر نے اور تمام افراد کو دوسرے اضلاع کی جیلوں میں منتقل کرنے سے بھی روکنے کا حکم دے ۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل شاہ محمود قریشی، اسد عمر سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے لاہور میں ازخود گرفتاریاں پیش کی تھی جنہیں حکومت نے صوبے کی مختلف جیلوں میں منتقل کیا ہے ۔