وزیراطلاعات پنجاب کی عورت مارچ کے انعقاد میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی
عورت مارچ کے منتظمین کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں، نگراں حکومت شخصی آزادیوں پر یقین رکھتی ہے، عامر میر
لاہور کی ضلع انتظامیہ کی جانب سے عورت مارچ کی اجازت نہ دینے کےفیصلے کے بعد پنجاب کے نگراں وزیرِ اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مارچ کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
ایک بیان میں عامر میر نے کہا ہے کہ مارچ کے منتظمین کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں، نگراں حکومت شخصی آزادیوں پر یقین رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شاندانہ گلزار نے عورت مارچ کو عورتوں کیلیے باعث شرمندگی قرار دیدیا
لاہور اور اسلام آباد میں عورت مارچ پر پابندی؛ ہیومن رائٹس کمیشن کی شدید مذمت
عامر میر کا کہنا ہے کہ عورت مارچ میں شریک خواتین کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، امید ہے کہ مارچ پُرامن طریقے سے منعقد ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے شرکا کو پولیس کی مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہےکہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے 8 مارچ کو مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے خط میں کہا تھا کہ متنازع کارڈز اور بینرز پر مذہبی جماعتوں کے اعتراضات ہیں، سیکیورٹی مسائل اور امن و امان کی صورتِ حال کے تناظر میں مارچ کا این او سی نہیں دیا جا سکتا ہے۔