تحریک انصاف نے لاہور ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا

رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد خون خرابے سے بچنے کے لیے ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

لاہور میں محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی ملتوی کردی ہے۔

اس بات کا اعلان پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

علی بلال عرف ظلِ شاہ کا قتل: پی ٹی آئی کا عدالت جانے کا اعلان

مریم نواز نے ثاقب نثار کے بعد توپوں کا رخ آصف سعید کھوسہ کی جانب موڑ دیا

رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت فاشسٹ حکومت ہے ، یہ حکومت چاہتی ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کی آڑ میں بڑے پیمانے پر خونریزی اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا جائے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا ہم پرامن لوگ ہیں ، ہم نہیں چاہتے کہ حکومت ہماری ریلی کی آڑ میں اپنے مضموم مقاصد حاصل کرسکے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا میری تمام کارکنان سے اپیل ہے کہ سب پرامن رہیں ، آج کی ریلی ہم ملتوی کررہے ہیں ، ریلی کی انعقاد کے حوالے سے نئی تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کا کہنا تھا ہم نے دفعہ 144 کے خلاف لاہور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواستیں دائر کردی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے ، لیکن پنجاب کی نگراں حکومت پی ڈی ایم کی بی ٹیم بن کر کھیل رہی ہے ، نگراں حکومت ہمارے راستے میں مسلسل رکاوٹیں پیدا کررہی ہے ، ہم نے پہلے 8 مارچ کو ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا تو شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی تھی اور اب دوبارہ دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج شہر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا مقصد صرف یہ تھا کہ پی ٹی آئی کارکن باہر نکلےگا اور حکومت کی جانب سے خوفناک فضا قائم کی جائےگی۔

حماد اظہر کا کہنا تھا پاکستان تحریک انصاف قانون پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ، ہم فوری طور پر اس ریلی کو ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر