لاہور ہائیکورٹ کا زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کا حکم

ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے زمان پارک میں ہونے والے آپریشن کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک میں کیے جانے والے پولیس آپریشن کو روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے زمان پارک کے اردگرد پولیس آپریشن روکنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ کیا مسئلے کا حل ہے؟۔ جس پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا ہم نے عدالت کے حکم پر عمل کروانا ہے۔ اگر عدالت اپنا حکم واپس لے گی تو ہم واپس چلے جائیں گے۔

دوران سماعت آئی جی پنجاب ، چیف سیکریٹری پنجاب ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل کے میچ کے پیش نظر پولیس کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کیلئے آپریشن معطل

پنجاب اسمبلی کے انتخابات؛ نون لیگ اور پی ٹی آئی متحرک، کاغذات نامزدگی بھی جمع

جسٹس طارق سلیم شیخ نے مزید استفسار کیا اگر ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک آپریشن روکنے کا حکم دے دیں تو آپ کو کوئی اعتراض ہے۔ اس پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم عدالت کے ہر حکم پر عملدرآمد کریں گے۔ اس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکم دیا کہ پولیس آپریشن فوری طور پر روک دیا جائے۔

جسٹس سلیم شیخ کا کہنا تھا اگر آپ دو سو فٹ پیچھے ہٹ جائیں گے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اس پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا میں الیکشن کمیشن کی میٹنگ میں تھا جب اسلام آباد پولیس نے نفری کی درخواست کی تھی ، ڈی آئی جی شہزاد بخاری نے لاہور پولیس سے معاونت کی درخواست کی تھی۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے وارنٹ ہمارے پاس ہیں۔ اور ہم نے عمران خان کو گرفتار کرنا ہے۔

عدالت کے استفسار پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ڈی آئی جی اسلام آباد اور 15 افسران سمیت 59 پولیس اہلکار پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے کیے جانےوالے پتھراؤ کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پیٹرول بم پھینکے گئے ، واٹر کینن کو آگ لگا دی ، پولیس کی متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ ہم نے رینجرز کا طلب کیا تو پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے رینجرز پر پیٹرول بم پھینکے گئے۔ خاتون ایس پی پر پی ٹی آئی کارکنان نے تشدد کیا۔

آئی جی پنجاب کا عدالت کو بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تشدد میں ملوث افراد کی شناخت حاصل کررہے ہیں ، ان کے خلاف قانون ک مطابق کارروائی ہوگی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کل صبح 10 بجے تک ملتوی کردی ہے۔

متعلقہ تحاریر