لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کی تقاریر پر پابندی یقینی بنانے کی درخواست
منیر احمد نامی شہری نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ پیمرا نے نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کی ہے اسے یقینی بنایا جائے
لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقاریر پر پابندی سے متعلق درخواست پر پاکستان الیکٹرک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے کی پابندی پر عمل درآمد کیلیے متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں عمران نامہ پڑھ دیا
ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری منیر احمد کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے درخواست پر پیمرا سے جواب مانگ لیا۔
پیمرا کے وکیل نے عدالت کے روبرو کہا کہ اگر کوئی شکایت ہے تو درخواست گزار کونسل آف کمپلینٹ سے رجوع کریں جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ اس معاملے کا کونسل آف کمپلینٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے نوازشریف کی تقاریر نشر کرنے پرپابندی لگائی تھی۔ قوانین کے تحت عدالتی اشتہاریوں کی تقاریر اور بیان نشر کرنے پرپابندی ہے۔
درخواست گزار منیر احمد نے موقف اختیار کیا کہ الیکٹرک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے احکامات کے بر خلاف نوازشریف کے بیان اور تقاریر نشر کیے جا رہے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کے احکامات یقینی بنائے جائیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پاکستان الیکٹرک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام سے جواب طلب کرلیا ہے ۔