پیپلزپارٹی کے بانی سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی کی تیاریاں
سکھر میں پی پی منارٹی ونگ کے تحت بانی پی پی ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی کے پروگرامز کے متعلق اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں برسی کے پروگرامز کو حتمی شکل دی گئی
سکھر سندھ کے مختلف شہروں میں پیپلز پارٹی کے بانی سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 44ویں برسی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی سے متعلق منارٹی ونگ سندھ کا اجلاس نائب صدر ڈاکٹر میر چند کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سکھر ڈویژن کے صدر اور جنرل سیکریٹری ، ضلع گھوٹکی کے کامریڈ ککو رام سمیت مختلف شہروں کے صدور، جنرل سیکریٹریز سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اپنی اہلیہ کا کینیڈین ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں مصروف
اس موقع پر پی پی منارٹی ونگ ضلع سکھر کے جنرل سیکریٹری راج کمار وادھوانی نے کہا کہ ضلع سکھر میں ہمارے تقریباً9ہزار کے قریب ووٹ ہیں، اس کے باوجود غریب کارکنوں کو نہ تو ملازمت دی جارہی ہے اور نہ ہی مذہبی تہواروں کے موقع پر پارٹی کی جانب سے ان کی مالی معاونت کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب ورکرز کے لئے منارٹی ونگ کے 5فیصد کوٹہ کے تحت ملازمتیں بھی نہیں دی جارہی ہیں، ضلع میں ترقیاتی کام بھی ادھورے ہیں، شری سادھولہ بیلہ مندر، گئو شالہ سمیت دیگر مندروں کے ترقیاتی کام بند ہیں، فنڈز فراہم کئے جائیں، آئندہ جون کے بجٹ میں فنڈ مختص کئے۔
پی پی رہنما میر چند نے منارٹی ونگ کے تحفظات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، فریال تالپور، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ودیگر تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔
اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی 44ویں برسی کے موقع پر سندھ بھر میں منارٹی ونگ کی جانب سے بڑے جلسے منعقد کئے جائینگے اور پارٹی کارکنوں تک ذوالفقار علی بھٹو کا فکر و فلسفہ پہنچایا جائیگا۔