اے ٹی سی سے سربراہ تحریک انصاف عمران خان کو عبوری ضمانت مل گئی

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع کردی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے تین مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

عمران خان کی لائیو کوریج پر پابندی، لاہور ہائیکورٹ سے پیمرا کو نوٹس جاری

الیکشن کمیشن کے اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے اختیار کے خلاف درخواست دائر

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے جے آئی ٹی کے سربراہ کو حکم دیا ہے کہ وہ ان تمام مقدمات سے متعلق تفتیش کرکے عدالت میں پیش کریں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی سربراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ جس کے بعد عمران خان اے ٹی سی سے روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف زمان پارک میں جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات قائم کیے گئے تھے ، جن میں انہوں نے عبوری ضمانت کروا رکھی تھی۔

عمران خان کے وکیل کی جانب سے عدالت میں درخواست دی گئی تھی کہ آج ان کے موکل کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے تاہم عدالت نے وکیل کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 11 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ عمران خان عدالت میں پیش نہ ہوئے تو عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔ دوسری جانب عدالت نے عدم پیشی پر پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانتیں مسترد کردیں۔

متعلقہ تحاریر