کور کمانڈر ہاؤس میں آتشزدگی: عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان پر سات مقدمات درج
پنجاب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال اور محمود الرشید کی مبینہ فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوئے۔
لاہور میں کور کمانڈر کے گھر (سابقہ جناح ہاؤس) اور شہر میں دیگر سرکاری املاک پر حملہ کرنے کے الزام میں پی ٹی آئی قیادت اور مسلح کارکنوں کے خلاف مختلف تھانوں میں سات مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
مقدمات میں نامزد ہونے والوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، رہنما حماد اظہر اور کئی دیگر رہنما بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
توشہ خانہ کیس:عمران خان پر فردجرم عائد، وکلاء کا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ
اسلام آباد سے پاکستان تحریک انصاف کی 3 خواتین رہنماؤں سمیت 7 گرفتار
پولیس کے مطابق اسلحے سے لیس میاں اسلم اقبال اور محمود الرشید نے کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کے دوران پرتشدد ہجوم کی قیادت کی۔
تشدد کے دوران دونوں رہنماؤں کی مبینہ فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔
سرور روڈ تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق عمران خان، شاہ محمود قریشی، فرخ حبیب، حماد اظہر، مسرت اقبال چیمہ، زبیر نیازی اور مراد سعید نے تشدد کرنے والے کارکنوں کو لاقانونیت اور پرتشدد کارروائیوں پر اکسایا۔
اطلاعات کے مطابق جھڑپوں میں لاہور کے ڈی آئی جی (آپریشنز) علی ناصر رضوی سمیت 53 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
پی ٹی آئی کے 400 سے زائد پرتشدد کارکنوں نے کور کمانڈر ہاؤس کے مرکزی دروازے کو توڑا، اندر داخل ہوئے اور 150 ملین روپے سے زائد کا سامان چوری کر لیا۔
بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 50 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے گرینڈ آپریشن کیا جائے گا۔