پنجاب کی نگراں حکومت نے زمان پارک میں کریک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا
نگراں وزیر اطلاعات عامر میر کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے بھی زمان پارک میں موجود ہیں، پی ٹی آئی قیادت سے دہشت گردوں کے حوالے کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔

لاہور: پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، پناہ لینے والے دہشت گردوں کو 24 گھنٹے کے اندر اندر پولیس کے حوالے کردیا جائے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، انٹیلی جنس معلومات کے مطابق فوج کی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشت گردوں نے زمان پارک میں پناہ لے رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
القادر یونیورسٹی کیس؛ 66 کروڑ روپے کے اثاثوں والے ٹرسٹ پر 60 ارب روپے کا کیس کیسے؟
نیب نے شیخ رشید کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بھی طلب کر لیا
ان کا کہنا تھا کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے بھی زمان پارک میں چھپے بیٹھے ہیں ، پی ٹی آئی قیادت سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کردیں۔ ہمارے پاس انٹیلی جنس کے ذریعے اور جیو فینسنگ سے ان کی زمان پارک میں موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔
عامر میر نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا، دہشت گردوں کے حوالے نہ کیا گیا تو 24 گھنٹے بعد قانون حرکت میں آئے گا۔ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔ اداروں سے رابطے میں ہیں۔
نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا تاکہ وہ آئندہ ایسی کوئی حرکت نہ کریں۔ جرم کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا کہ مقدمہ کس عدالت میں چلانا ہے۔
پنجاب کے وزیراطلاعات عامر میر نے کہا کہ 9 مئی کو ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا گیا، اس دن فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے، جی ایچ کیو، فیصل آباد میں آئی ایس آئی کے دفتر پر ایسے حملے ماضی میں ٹی ٹی پی کی جانب سے کیے گئے۔ اسی طرح پی ٹی آئی بھی غیر ریاستی ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ایک سال سے فوج کی توہین کر رہی ہے، لگتا ہے ملک میں عمران خان کے لیے کوئی قانون نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی تھی جس میں سے 3400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 245 مقدمات درج کیے گئے ہیں، 795 سے زائد حملہ آوروں کی شناخت ہو چکی ہے، 78 افراد کا جسمانی ریمانڈ اور 609 کا جوڈیشل ریمانڈ دیا گیا ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ 81 شرپسندوں کا شناختی پریڈ کے ذریعے ریمانڈ لیا گیا ہے، آخری شرپسند کی گرفتاری تک شناخت کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوبارہ قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو فواد چوہدری سے زیادہ تیز دوڑنا پڑے گا، ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے ایسی دوڑیں گے کہ اولمپکس میں جا سکیں گے۔