ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
کامران عادل نے سبکدوش ہونے والے سہیل اختر سکھیرا کی جگہ لے لی۔
پنجاب کی نگراں حکومت نے منگل کے روز ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈی آئی جی (انویسٹی گیشن) لاہور سہیل اختر سکھیرا کو ہٹا کر انہیں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) لگا دیا۔
نگراں حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سہیل اختر کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے
زمان پارک پر عائد لگژری ٹیکس کی عدم ادائیگی؛ عمران خان کو دوسرا نوٹس جاری کیا جائے گا
عمران ریاض کو کچھ ہوا تو کسی کو بھی نہیں چھوڑونگا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
ڈی آئی جی (سیکورٹی) کامران عادل کو لاہور کا نیا ڈی آئی جی انویسٹی گیشن تعینات کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سہیل اختر سکھیرا کو رواں سال 30 جنوری کو ڈی آئی جی لاہور انویسٹی گیشن تعینات کیا گیا تھا۔
سہیل اختر سکھیرا اس سے قبل ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
ڈی آئی جی سکھیرا نے 2001 میں پاکستان پولیس سروس میں بطور اے ایس پی شمولیت اختیار کی تھی ، ان کا تعلق پاکستان پولیس سروس کے 28ویں ونگ سے تھا۔
اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران سہیل اختر سکھیرا نے ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی پی ایچ پی، ڈی آئی جی وی وی آئی پی سیکیورٹی، اور ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب کے طور پر خدمات انجام دیں۔
سکھیرا کو ایس ایس پی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی ڈویژن لاہور، آپریشنز لاہور، اور سینٹرل پولیس آفس میں بطور اے آئی جی لاجسٹکس اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سیکیورٹی بھی تعینات کیا گیا ہے۔
سہیل سکھیرا نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس اور سی ٹی ڈی میں بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
سہیل سکھیرا لاہور کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، سیالکوٹ، اسلام آباد، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں مختلف عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔