خدیجہ شاہ کی پورے’ بندوبست‘ کے ساتھ گرفتاری ایک نہیں دو پاکستان کی مثال بن گئی

خدیجہ شاہ کو پولیس نے گرفتار  نہیں کیا بلکہ انہوں نے یقین دہانیوں کے بعد خود سی آئی اے اقبال ٹاؤن سینٹر  جاکر گرفتاری پیش کی ہے، چند روز میں رہا کردیا جائے گا، ذرائع

معروف فیشن ڈیزائنر و پاکستان تحریک انصاف کی حامی خدیجہ شاہ  کو لاہور کےکورکمانڈر ہاؤس المعروف  جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں  گرفتارکرلیاگیا ہے تاہم خدیجہ شاہ کی گرفتاری  نے حکومت کی دوعملی پر کئی سوالات  کھڑے کردیے ہیں۔

خدیجہ شاہ جناح ہاؤس پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں انتہائی مطلوب تھیں۔ خدیجہ شاہ سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کی نواسی اور سابق وزیرخزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

فیاض الحسن چوہان نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا

اینٹی کرپشن حکام نے عمران خان کی بہن کے گرد گھیرا تنگ کر دیا

نیوز 360کے ذرائع کے مطابق خدیجہ شاہ کو پولیس نے گرفتار  نہیں کیا بلکہ انہوں نے یقین دہانیوں کے بعدخود سی آئی اے اقبال ٹاؤن سینٹر  جاکر گرفتاری پیش کی ہے۔

ذرائع کے  مطابق  سابق آرمی چیف کی نواسی کو آج عدالت میں پیش کرکے  جیل بھیج دیا جائے  گا۔ قبل ازیں پولیس نے جناح ہاؤس حملے میں مطلوب خدیجہ شاہ کی گرفتاری کے لیے گلبرگ کے 2 اور بحریہ ٹاؤن کے ایک گھر میں چھاپہ مارا تاہم وہ موقع سے فرار ہوگئیں تھیں۔

 پولیس کا کہنا تھا کہ خدیجہ شاہ ٹیم کے پہنچنے سے ایک گھنٹہ قبل برقع پہن کر نکلیں اور وہ رابطے کے لیے کسی دوست کی موبائل سم استعمال کررہی تھیں۔

 ناقدین کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف کی نواسی کی گرفتاری ایک نہیں دو پاکستان کی عملی مثال بن گئی ہے جہاں سانحہ 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی   کی سینئر قیادت سے لیکرعام کارکن تک پر زمین تنگ کردی گئی ہے اور عدالتی احکامات پر رہا ہونے والوں کو جیل سے نکلتے ہی دوبارہ گرفتارکرلیاجاتا ہے۔

 صحافی عمران ریاض سمیت پی ٹی آئی کے کئی کارکنان لاپتہ ہیں تو دوسری جانب سابق آرمی چیف کی نواسی کے معاملے میں غیرمعمولی نرمی کا مظاہرہ کیاگیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ کی گرفتاری محض نمائشی اقدام ہے، انہیں چند روز جیل میں رکھنے کےبعدرہا کردیا جائے گا۔

گزشتہ روز دی نیوز میں شائع ہونے والی عمر چیمہ کی خبر کے مطابق سابق آرمی چیف کی نواسی کو ریلیف دلوانے کے لیے جہانگیر ترین کے قریبی ساتھی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، شہباز شریف کے پرانے دوست اور خدیجہ کے سسر سرمد امین نے بھی وزیراعظم شہبازشریف سمیت مختلف بااثر شخصیات سے رابطے کیےتھے۔

متعلقہ تحاریر