جناح ہاؤس حملہ کیس: اے ٹی سی نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے مسترد کردیئے

عدالت نے  ریمارکس دیئے کہ ضمانتی مچلکے جمع کرانے والا شخص عدالت کو مطمئن نہیں کرسکا اس وجہ سے پی ٹی آئی کے سربراہ کی ضمانت منسوخ کی جاتی ہے۔

جناح ہاؤس حملہ کیس میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ضمانتی مچلکے مسترد کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کی تھی ، اور انہیں ایک ایک لاکھ روپے کے تین ضمانتی  مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے 

شہری کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری: لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب سے وضاحت طلب کرلی

ملک بھر کی طرح کمالیہ میں یوم تکریم شہداء عقیدت و احترام سے منایا گیا

آج کی سماعت کے دوران عمران خان کے گارنٹر شہروز ان کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لیے پیش ہوئے۔ شہروز نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ وہ 3 تین لاکھ روپے نقد عدالت میں جمع کرانے کے لیے حاضر ہوئے ہیں۔

اس پر اے ٹی سی جج اعجاز احمد بٹر نے کہا کہ اگر کل عمران خان عدالت میں پیش نہ ہوئے تو پھر کیا ہوگا۔ اس موقع پر عمران خان کے گارنٹر خاموش رہے۔

اس پر انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے مسترد کردیئے۔ عدالت نے  ریمارکس دیئے کہ ضمانتی مچلکے جمع کرانے والا شخص عدالت کو مطمئن نہیں کرسکا اس وجہ سے پی ٹی آئی کے سربراہ کی ضمانت منسوخ کی جاتی ہے۔

متعلقہ تحاریر